وزیرآباد:عید کے موقع پر صفائی پلان جاری کر دیا گیا
چاند رات سے عید کے تینوں دن ڈبل شفٹ میں صفائی ورکرز کام کریں گے
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عید الفطر کے موقع پر صفائی پلان جاری کر دیا، چاند رات سے عید کے تینوں دن ڈبل شفٹ میں صفائی ورکرز کام کریں گے۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی وزیرآباد کے منیجرعامر بشیر نے صفائی کے حوالے سے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ عید کے موقع پر بہترین صفائی کی جائے گی جس کے لیے صفائی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ میٹنگ میں ایریا منیجر وزیر آباد عبدالرحمن بٹ، ایریا منیجر گکھڑ بلال مقبول، ایریا منیجر علی پور چٹھہ زین افضال چٹھہ، عدیل سیف چٹھہ، فلیٹ منیجرعمران حبیب اور ڈپٹی منیجر ایچ آر غلام مرتضیٰ بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ عید گاہوں اور مساجد کے اطراف صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ چاند رات سے ستھرا پنجاب کے ورکرز ڈبل شفٹ میں صفائی ستھرائی کا کام کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ سپروائزرز اپنے اپنے علاقہ کے ذمہ دار ہونگے جبکہ صفائی کی نگرانی کے لیے ٹیمیں مختلف علاقوں کا دورہ کرتی رہیں گی، عید الفطر پر وزیرآباد کے صفائی ورکرز شہریوں کو صاف ستھرا ماحول مہیا کریں گے۔