عید کیلئے گیس فراہمی کاپلان جاری ،سو ٹیمیں ڈیوٹی دیں گی
صارفین کو گیس فراہمی یقینی بنانے کیلئے عملہ عیدپر تینوں دن شفٹوں میں کام کریگا
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)عید الفطرکے تینوں دن صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سوئی گیس نے پلان جاری کر دیا۔سو ٹیمیں تین شفٹوں میں ڈیوٹی دیں گی۔سوئی ناردرن گیس کمپنی نے شہریوں کو عید کی چھٹیوں کے دوران گیس پریشر کے ساتھ فراہم کرنے کے لیے پلان تشکیل دے دیا ہے ۔عیدکے تینوں دن گیس مکمل پریشر کے ساتھ استعمال کی جائے گی ۔صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جو عملہ تعینات کیا جائے گا وہ عید پرمختلف شفٹوں میں کام کرے گا۔ 35ٹیمیں سوئی گیس کے مرکزی دفتر میں تین شفٹوں میں ڈیوٹی دیں گے جبکہ 26ٹیمیں راہوالی ،وزیر آباد ،کامونکی اور نوشہرہ ورکاں میں موجود ہونگی تاکہ شہریوں کو عید کے دنوں میں گیس کے کم پریشر اور لوڈشیڈ نگ کی مشکلات پیش نہ آئیں۔عید کے تینوں دن ڈیوٹی دینے والا عملہ صارفین کی شکایت پر فوری موقع پر پہنچ کر انکی شکایت دور کرے گا۔جی ایم سوئی گیس کمپنی عمران الطاف ساہی کہنا تھا کہ عید کے تینوں دن عملہ سوئی گیس کسٹمر سنٹر میں ڈیوٹی دے گا۔اور کسی بھی جگہ گیس لیکج اور کم پریشر کی شکایت کی صورت میں موقع پر پہنچ کر شہریوں کی شکایت کا ازالہ کیا جائے گا۔ٹیمیں چوبیس گھنٹے موجود ہونگی تاکہ شکایات کوفوری حل کیا جائے ۔