ڈپٹی کمشنر کا علامہ اقبال کی جائے پیدائش کا دورہ ،بحالی کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر کا علامہ اقبال کی جائے پیدائش کا دورہ ،بحالی کا جائزہ

ملحقہ بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے کارروائی جاری رہے گی :صبا اصغر

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کی جائے پیدائش اقبال منزل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اقبال منزل اور ملحقہ بازار میں حکومت پنجاب کی جانب ترقیاتی و خوبصورتی کے منصوبوں اور تجاوزات کے خاتمے کی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے اقبال منزل اور اس سے ملحقہ بازاروں کی بیوٹیفکیشن، بحالی اور تاریخی حیثیت کو برقرار رکھنے کے اقدامات پر بریفنگ لی۔ انہیں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کے تحت علاقے کی خوبصورتی بڑھانے ، روشنی کے بہتر انتظام، راستوں کی بحالی، اور عوامی سہولیات کی فراہمی کیلئے مختلف منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔صبا اصغر علی نے موقع پر ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اقبال منزل نہ صرف سیالکوٹ بلکہ پورے ملک کا اہم تاریخی و ثقافتی ورثہ ہے ، اصل حالت میں بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملحقہ بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی اور اس سلسلے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن دن رات جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کشادہ اور صاف ماحول میسر آ سکے اور سیاحوں کیلئے بھی یہ مقام مزید پرکشش بنایا جا سکے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں