واسا :مالی وسائل بڑھانے کیلئے نئی حکمت عملی مرتب

واسا :مالی وسائل بڑھانے کیلئے نئی حکمت عملی مرتب

ایل ڈی اے سے مختلف فیسوں میں حصہ لینے اور نئے چارجز کے نفاذ کی تیاری

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )واسا لاہور نے مالی وسائل بڑھانے کیلئے نئی حکمت عملی ترتیب دیدی جسکے تحت ایل ڈی اے سے مختلف فیسوں میں حصہ لینے اور نئے چارجز کے نفاذ کی تیاری مکمل کر لی گئی ۔ذرائع کے مطابق واسا نے ایل ڈی اے سے محصولات حاصل کرنے کیلئے باقاعدہ فریم ورک تیار کیا ہے ،اس حوالے سے حتمی منظوری واسا اتھارٹی فورم سے لی جائیگی۔ واسا انتظامیہ نے کمرشل فیس سمیت مختلف مدات میں حاصل ہونیوالی آمدن میں سے حصہ لینے کی تجویز بھی تیار کرلی ، ایل ڈی اے ہاؤسنگ سکیموں میں ایکوافائر چارجز کے نفاذ کی تجویز بھی ورکنگ پیپر کا حصہ بنا دی گئی۔ واسا نے واٹر سپلائی اور سیوریج ٹیرف میں اضافے کی سفارش بھی کی ہے ،نئے ٹیرف کے نفاذ سے سالانہ ایک ارب بیس کروڑ روپے اضافی آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ ایل ڈی اے سکیموں میں پانی فراہمی اور نکاسی آب منصوبوں پر لاگت بھی متعلقہ اتھارٹی سے وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔یہ مجوزہ اقدامات جوہر ٹاؤن، جوبلی ٹاؤن، ایل ڈی اے ایونیو ون، گلشن راوی، سمن آباد اور سبزہ زار ودیگررہائشی علاقوں پر لاگو ہونگے جہاں سیوریج اور واٹر سپلائی کے جاری اور نئے منصوبوں کی مالی ذمہ داری ایل ڈی اے پر عائد کی جائیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں