حکومت کاشتکاروں کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کرے :کسان رہنما

 حکومت کاشتکاروں کیلئے ریلیف پیکج کا اعلان کرے :کسان رہنما

بڑھتی مہنگائی ،فصلوں کی مناسب قیمت نہ ملنے سے زندگی اجیرن :اشرف ہنجرا ،انور گجر

نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )حکومت کسانوں کیلئے فوری طور پر خصوصی ریلیف پیکج کا اعلان کرے ۔ان خیالات کا اظہار کسان رہنماؤں چودھری محمد اشرف ہنجرا اور ملک محمد انور گجر آف دھاروکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی اور فصلوں کی مناسب قیمت نہ ملنے کے باعث کسانوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے ۔ ڈیزل، کھاد اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے کاشتکاری کے اخراجات میں بے پناہ اضافہ ہو گیا جب کسان اپنی فصل منڈی میں لے کر آتا ہے تو اسے انتہائی کم نرخ ملتے ہیں جس سے اس کی لاگت بھی پوری نہیں ہو پاتی جبکہ فصل کسان کے ہاتھ سے نکلنے کے بعد اس کی قیمت کئی گنا بڑھ جاتی ہے ۔گزشتہ دو سال کے معاشی بحران نے کسانوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ علا و ہ ازیں مقامی سطح پر کھیتوں سے زرعی موٹریں، ٹرانسفارمر، سولر پینلز اور دیگر قیمتی سامان کی چوری کے واقعات بھی معمول بنتے جا رہے ہیں جس سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیزل، کھاد اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے گندم کا مناسب سرکاری نرخ مقرر کیا جائے اور دیہی علاقوں میں سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ کسانوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں