سمبڑیال :تجاوزات کے خلاف آپریشن ، متعدد دکانیں سیل
عوامی گزر گاہوں سے تجاوزات ختم کرکے آمدو رفت کو بہتر بنایا جائیگا :اے سی
سمبڑیال(سٹی رپورٹر )سمبڑیال میں تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد دکانیں سیل، تجاوزات کی مد میں آنے والا سامان بھی ضبط کر لیا گیا ۔اسسٹنٹ کمشنر عدنان بشیر وڑائچ نے کہا ہے کہ عوامی گزرگاہوں کو تجاوزات سے پاک کرکے شہریوں کو بہتر آمدورفت کی سہولت میسر کرنا مقصد ہے ۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ نے میونسپل کمیٹی، پیرا فورس اور دیگر متعلقہ عملے کے ہمراہ مین بازار اور گردونواح میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران متعدد تجاوزات کنندگان کا سامان ضبط کر لیا گیا جبکہ 5 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق کارروائی کا مقصد عوامی گزرگاہوں کو تجاوزات سے پاک کرنا اور شہریوں کو بہتر آمد و رفت کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ ازخود تجاوزات ختم کریں اور اپنا سامان دکانوں کی حدود میں رکھیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں شہریوں سے بھی اپیل کی کہ شہر کو صاف اور خوبصورت بنانے کے لیے انتظامیہ کا ساتھ دیں۔