ہوٹلز، ریسٹورنٹس کوکرایے نہ بڑھانے کی ہدایت

ہوٹلز، ریسٹورنٹس کوکرایے نہ بڑھانے کی ہدایت

ریسٹورنٹس موجودہ حالات میں زائد بلز وصولی سے گریز کریں،محکمہ سیاحتزائرین سے فراڈ کرنے والی ٹریول ایجنسیوں کا لائسنس منسوخ ہوگا،ذوالفقارشاہ

کراچی (آئی این پی )حکومت سندھ کے محکمہ ثقافت و سیاحت نوادرات نے نجی ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو کرایوں اور بلوں میں اضافہ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس سلسلے میں خط ارسال کردیا ہے ۔محکمہ ثقافت و سیاحت سندھ نے ہوٹلز اور ریسٹورنس کو خط میں لکھا ہے کہ ریسٹورنٹس موجودہ حالات میں زائد بلز وصولی سے گریز کریں اور عوامی مفاد میں کرایوں میں کمی یقینی بنائی جائے ۔صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت نوادرات سید ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ برائے ٹورسٹ سروس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمرے اور زیارتوں پر جانے والے زائرین کے ساتھ فراڈ کرنے والی ٹریول ایجنسیوں کا لائسنس منسوخ کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں ہائی ویز کے قریب موجود تاریخی حویلیوں گھروں کو ٹوورز آپریٹرز سیاحوں کی رہائش کے لیے استعمال میں لائیں اور سٹاف کو سندھ حکومت کے ادارے پیتھم سے ٹریننگ کورسز کروائے جائیں گے ۔صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے ٹوورز آپریٹرز کی سہولیات اور رجسٹریشن نظام کو جدید بنانے کی ہدایات کی اور کہا کہ کفایت شعاری مہم کے تحت عوام کو براہ راست فائدہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس پر زائد بلز اور رہائشی کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کے لیے ادارے نے خط لکھا ہے ، عمرے اور زیارتوں پر جانے والے زائرین کو بعض کمپنیوں کی جانب سے وہیں چھوڑنے اور عدم سہولیات کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں