کوڑا کرکٹ سے بائیو گیس بنانے کی تیاریاں
ری سائیکلنگ یونٹ لگائے جائیں گے ،ہر تحصیل میں موٹر سائیکلوں پر پٹرولنگ ٹیمیں کوڑا باہر پھینکنے والوں کو جرمانے ،گوبر گلی محلوں میں پھینکنے پر سخت کارروا ئی کریں گی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے گوجرانوالہ میں پیدا ہونے والے کوڑا کرکٹ سے بائیو گیس بنانے کی تیاری مکمل کرلی، روزانہ 1600 سے 1900 ٹن جمع ہونے والے کوڑا کرکٹ کی پہلے ری سائیکلنگ ہو گئی بعد میں بائیو گیس بنائی جائیگی جس کیلئے چین سے ایم او یو سائن کیا جائے گا۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی گوجرانوالہ ڈویژن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبد الرزاق ڈوگر نے بتایا کہ جہاں جہاں کوڑے کے پہاڑ ہیں وہاں ری سائیکلنگ یونٹ لگائے جائیں گے اس کے علاوہ اینٹی لیٹرنگ فورس بنائی جارہی ہے جو موٹر سائیکل پر پٹرولنگ کریں گی ہر تحصیل میں دو دو موٹر سائیکل دی جائیں گی، پٹرولنگ ٹیمیں کوڑا باہر پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گی انہیں جرمانہ کیا جائے گا۔گوبر گلی محلوں میں پھینکنے والوں کیخلاف سخت ایکشن اور بھاری جرمانے کئے جائیں گے ۔ ایچ آر مشینری اور کوڑے کی کولیکشن کے حساب سے ہم اب دنیا کے پہلے نمبر پر ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ دسمبر2025 سے اب تک 8 کروڑ روپے ٹیکس اکٹھا کیا ہے ،گوسٹ ملازمین کی کوئی جگہ نہیں ، ملازمین کی جی پی ایس حاضری لگائی جا ئیگی۔