عدالتی امور کو تیز تر بنانے کیلئے جامع حکمتِ عملی مرتب

 عدالتی امور کو تیز تر بنانے کیلئے جامع حکمتِ عملی مرتب

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کاچارج سنبھالتے ہی اہم اقدام ،کیسز بروقت سننے کی ہدایت

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر ندیم نے چارج سنبھالتے ہی ضلع بھر میں عدالتی امور کو مؤثر، شفاف اور تیز تر بنانے کیلئے جامع حکمتِ عملی ترتیب دیتے ہوئے تمام جوڈیشل افسروں اور عدالتی عملے کو نئی حکمت عملی پر کاربند ہونے کی تاکید کر دی ۔ نئے اقدامات کا مقصد مقدمات کے بروقت فیصلے ، نظم و ضبط میں بہتری اور سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے ۔ عدالتوں میں وقت کی پابندی، مقدمات کی بروقت سماعت، ریکارڈ درستگی اور مکمل تیاری نیز ججز و سٹاف کیلئے تجویز کردہ یونیفارم کی پابندی کو لازمی قرار دیا گیاہے ۔ فیملی ڈویژن کے ججز کا اجلاس سہ پہر ساڑھے تین بجے طلب کیا گیا جبکہ کریمنل ڈویژن کا اجلاس آج اور سول ڈویژن کے ججز کا اجلاس بدھ کوہوگا۔ مزید برآں تحصیل سطح پر کسی ایک عدالت کو مکمل فیملی کورٹ بنانے کیلئے سول جج ون سے تجاویز بھی طلب کر لی گئیں۔تمام جوڈیشل افسرو ں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ صبح 8 بجے عدالتوں میں یونیفارم پہنے موجود ہوں جبکہ عدالتی عملے کی بروقت حاضری اور مکمل ڈریس کوڈ کی پابندی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ ہدایت نامہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب تک فائل مکمل نہ ہو، کوئی سٹاف ممبر عدالت نہ چھوڑے ۔ ضلع بھر کے جوڈیشل مجسٹریٹس سے ایسے مقدمات جنکے چالان 31 دسمبر 2025 تک عدالتوں میں پیش نہیں کیے گئے انکی فہرستیں بھی طلب کر لی گئیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں