صارفین کو فکسڈ چارجز کیساتھ بھاری بجلی بل ارسال

صارفین کو فکسڈ چارجز کیساتھ بھاری بجلی بل ارسال

گیپکو نے نیپرا پالیسی کے برعکس موسم گرما میں بیشتر صارفین کے بنیادی ٹیرف ریٹس تبدیل کردیئے ، ریجن میں لاکھوں پروٹیکٹڈ صارفین متاثر

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)موسم گرما کے آغاز پربجلی کا استعمال بڑھتے ہی شہریوں کو بھاری بل ارسال، رواں ماہ گیپکو نے بجلی کے بھاری بلوں میں فکسڈ چارجز بھی شامل کردئیے جس سے پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین شکار ہوئے اسکے علاوہ اپریل کے بجلی بلوں میں گیپکو نے ٹیکنیکل طریقے سے لاکھوں پروٹیکٹڈ صارفین نان پروٹیکٹڈ میں تبدیل کردیئے جس سے ٹیرف ریٹ میں اضافہ ہوگیا اورلاکھوں صارفین کوبھاری بل جاری کردیئے ۔گوجرانوالہ ،سیالکوٹ ،گجرات ،حافظ آباد ،نارووال ،وزیر آباد اورمنڈی بہاؤالدین میں گیپکو کے گھریلولاکھوں صارفین ایسے ہیں جو گزشتہ چھ ماہ سے سویونٹ سے کم بجلی استعمال کررہے تھے انہیں فی یونٹ 11روپے سرچارج کیاجارہا تھا گیپکو افسروں نے سو یونٹ سے زائد استعمال کرنے پر ان کا یونٹ کاریٹ 29روپے عائد کردیا اس کے علاہ فی کلو واٹ کے حساب سے گھریلو صارفین کو 200 روپے فکس چارجز الگ شامل کرلئے اسی طرح جن صارفین کے گزشتہ چھ ماہ سے ماہانہ بجلی یونٹس سوسے زائد یونٹ استعمال ہورہے ہیں جو200یونٹس سے کم ہے ان میں سے بیشتر صارفین کو نان پروٹیکٹڈ صارفین میں شامل کرکے اپریل کے بل میں34 روپے فی یونٹ سرچارج کردیا گیا ۔

گیپکو نے نیپرا پالیسی کے برعکس موسم گرما میں بیشتر صارفین کے بنیادی ٹیرف ریٹس ہی تبدیل کردئیے ۔نان پروٹیکٹڈ صارفین کو فی کلو واٹ کے حساب سے الگ 300 روپے فکس چارجز ڈال دیئے جبکہ کمرشل اور انڈسٹریل صارفین بھی لاکھوں میں ہیں جنہیں فی کلو واٹ کے حساب سے لاکھوں روپے اضافی فکس چارجز ڈال دیئے گئے ۔ اچانک بھاری بل ملنے پر گیپکو صارفین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور گیپکو کے دفاتر کے چکر کاٹنے پرمجبور ہوگئے جبکہ گیپکو افسروں کا کہنا ہے کہ پرو ریٹا سافٹ وئیر کے تحت بلنگ ہورہی ہے ،فکس چارجز بھی حکومت کے دئیے گئے فریم ورک کے مطابق شامل کئے گئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں