ماڈل بازار نوشہرہ ورکاں کی تعمیر تاخیر کا شکار،کاروبار متاثر

ماڈل بازار نوشہرہ ورکاں کی تعمیر تاخیر کا شکار،کاروبار متاثر

د کانوں کا کرایہ دینا اور گھر کا نظام چلانا مشکل ہو گیا:تاجر ، کام تیز کرنے کا مطالبہ

نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر، نمائندہ دنیا) ماڈل بازار نوشہرہ ورکاں کی تعمیر تاخیر کا شکار، سست رفتار کام پر تاجر اور شہری پریشان ہوگئے ۔ شہریوں کے مطابق منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیاں نہایت سست روی سے جاری ہیں جس کے باعث اس کی بروقت تکمیل مشکل ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ماڈل بازار شہر کی خوبصورتی کے لیے اہم عوامی منصوبہ ہے تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود منصوبہ تاحال مکمل نہ ہو سکا، جو انتظامی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔مقامی تاجروں اور شہریوں کے مطابق اس منصوبے میں غیر ضروری تاخیر کاروباری سرگرمیاں عرصہ دراز سے متاثر ہیں اور د کانوں کا کرایہ دینا اور گھر کا نظام چلانا مشکل ہوچکا ہے جبکہ بند راستوں کی وجہ سے عوام کو بھی شدید مشکلات ہیں ۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر تعمیراتی کام کی رفتار تیز کی جائے اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اس اہم عوامی منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروا کر عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے اور ماڈل بازار کو جلد از جلد فعال بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں