ماں بیٹی کے قتل کا ڈراپ سین ، خاوند اور اجرتی قاتل گرفتار
مصطفی نے ڈیڑھ لاکھ میں ہمسا یہ یاسر سے ڈیل کی ، سونے کی بالیاں ایڈوانس دیں وار دات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش ،بیوی کیساتھ لڑائی جھگڑا رہتا تھا :ملزم
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)تھانہ گرجاکھ کے علاقہ میں ماں بیٹی کے دل دہلا دینے والے قتل کیس کا ڈراپ سین ہو گیا ،دوہرے قتل کی واردات میں ملوث مقتولہ کے شوہر سمیت اجرتی قاتل کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مقتولہ ندا اور اس کی بیٹی درِ عدن کو مقتولہ کے شوہر مصطفی نے قتل کر ایا ہے ،ملزم نے ڈیڑھ لاکھ روپے کے عوض اجرتی قاتل یاسر سے واردات کی ڈیل کی تھی اور دو سونے کی بالیاں بطور ایڈوانس دیا تھا ۔یہ بھی بتایا کہ ملزم یاسر گھر کا دروازہ کھلا پا کر اندر داخل ہوا اور بالائی منزل پر جا کر تیز دھار آلے سے ندا اور اس کی بیٹی کا گلا کاٹ کر انہیں قتل کر دیا جبکہ واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کیلئے چھت سے جنگلہ بھی کاٹا گیا ۔دوران تفتیش ملزم مصطفی نے انکشاف کیا کہ اس کا بیوی کے ساتھ اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا جس پر اس نے خوفناک منصوبہ بنایا اور اپنے ہمسائے یاسر سے بیوی کو قتل کر انے کے لئے ڈیڑھ لاکھ روپے میں ڈیل کی تھی۔ پو لیس حکام کے مطابق ملزموں کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ۔