خواتین سے نا انصافی ، حق تلفی بر داشت نہیں : ڈاکٹر نجمہ
خاتون محتسب کا ریجنل دفاتر کا دورہ ، ہراسگی کی شکایات درج کرانے پر بریفنگ
گجرات، گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر )ڈاکٹر نجمہ افضل خان نے ریجنل محتسب آفس گجرات کا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کی ورکنگ، دائرہ کار اور عوامی شکایات کے ازالے کے طریقہ کار بارے بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر سٹاف آفیسر حافظ فاروق انور، لا آفیسر سبحان سرور بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین کو ہراسگی کے خلاف شکایات درج کر انے کے طریقہ کار، قانونی تحفظ اور محتسب آفس کے کردار سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ان کے قانونی حقوق کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور کسی بھی قسم کی ناانصافی یا حق تلفی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈاکٹر نجمہ افضل نے بتایا کہ ریجنل محتسب آفس گجرات کے دائرہ کار میں گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران گجرات ریجنل آفس میں 140 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 90 فیصد درخواستوں کو حل کیا جا چکا ہے جبکہ پنجاب بھر میں موصول ہونے والی 1400 درخواستوں میں سے 1340 درخواستیں نمٹا دی گئی ہیں۔ گوجرانوالہ ریجن کے دورے کے موقع پر گل روڈ پر واقع دفتر خاتون محتسب میں خواتین کی شکایات کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے بتایا کہ پنجاب سے پراپرٹی کے کیسز کی تقریباً 15000درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 5ہزار خواتین کو انکا وراثی حق ملا۔