جی ایس پی پلس کا برآمدات میں کلیدی کردار :احمد حسن
پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں میں بہتر رسائی حاصل ہوئی:صدرگجرات چیمبر
گجرات(سٹی رپورٹر )گجرات چیمبر آف کامرس کے صدر احمد حسن نے یورپی پارلیمنٹ کے کمیٹی روم میں یورپی پارلیمنٹ کے رکن اوندراج دوستل ، برسلز سٹی کے ایڈمنسٹریٹر محمد ناصر، کمرشل کونسلر، ہیڈ آف چانسلری، پاکستانی سفارتخانے کے دیگر حکام اور اوورسیز پاکستانیوں کے ہمراہ اہم اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سٹیٹس سے پاکستان اور یورپی ممالک کو حاصل باہمی فوائد پر گفتگو کی گئی۔ صدر گجرات چیمبر احمد حسن نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس پاکستان کی برآمدات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا اور اس کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کو یورپی منڈیوں میں بہتر رسائی حاصل ہوئی ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے ، درآمدات و برآمدات میں اضافے ، صنعتی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ اجلاس میں دونوں اطراف کے تجارتی مواقع، کاروباری روابط اور پاکستانی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔