ناقص صفائی پر اسسٹنٹ منیجر کو تبدیل کرنے کے احکامات
فرائض میں غفلت، ناقص مانیٹرنگ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی:سی ای او
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)سی ای او جی ڈبلیو ایم سی و ایم ڈی ستھرا پنجاب عبدالرزاق ڈوگر نے شہری مہر بشارت علی کی نشاندہی پر مہر پارک سوہل بازار اور گردونواح کے علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور صفائی صورتحال، ویسٹ کولیکشن، مشینری کی دستیابی اور فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران مہر پارک، سوہل بازار، ملک پارک، فیصل ٹاؤن، گلشن ٹاؤن، بلال ٹاؤن، مصطفی کالونی، غلام پورہ، احتشام کالونی اور فیض عالم ٹاؤن میں صفائی انتظامات، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی، کنٹینرز کی کلیئرنس اور نالیوں کی ڈی سلٹنگ کے عمل کا معائنہ کیا گیا۔ سی ای او عبدالرزاق ڈوگر نے ناقص کارکردگی اور غفلت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اسسٹنٹ منیجر کو فوری طور پر تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب اور جی ڈبلیو ایم سی کی اولین ترجیح ہے جبکہ فرائض میں غفلت، ناقص مانیٹرنگ اور صفائی آپریشن میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔