ایڈیشنل سیشن جج کا نوٹس ،زیادتی کا ملزم نا بالغ نا بینا قیدی رہا

ایڈیشنل سیشن جج کا نوٹس ،زیادتی کا ملزم نا بالغ نا بینا قیدی رہا

جیل میں انسپکشن کے دوران کمسن قیدی کی فریاد نے فاضل جج کے قدم روک دئیےعدالت پہنچ کر ملزم کی پھو پھی مد عیہ طلب،بھتیجے کے بے قصور ہونے کا بیان ریکارڈ

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )سنٹرل جیل گوجرانوالہ کے دورہ کے دوران نابالغ نابینا قیدی کی فریاد نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے قدم روک دئیے ،فاضل جج کے فوری نوٹس پر کمسن عمیر کو جیل سے رہائی مل گئی ،فاضل جج ملک نثار احمد کی ہدایت پر کمسن نابینا ملزم کو ضمانت کے بعد گھر تک بھی پہنچایا گیا۔ حقیقی پھوپھی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے الزام میں سنٹرل جیل میں قید نابینا لڑکے نے دہائی دیکر ایڈیشنل سیشن جج ملک نثار احمد کو رکنے پر مجبور کر دیا۔ تھانہ صدر گوجرانوالہ میں پھوپھی کی مدعیت میں نابالغ عمیر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا ۔کمسن قیدی نے فریاد کی کہ جج صاحب میں بے گناہ ہوں، نابینا ہوں، مظلوم پر رحم کریں۔ فاضل جج نے فوری طور پر جیل افسر وں کی موجودگی میں قیدی سے تفصیلات معلوم کیں۔ نابینا عمیر نے فاضل جج کو بتایا کہ جیل حکام مجھے اپنے گھر والوں سے ملنے بھی نہیں دیتے اور پھوپھو نے گھریلو رنجش پر زیادتی کا جھوٹا الزام لگا کر جیل بھجوا دیا ، عدالت میں بھی درخواست دے رکھی ہے لیکن تا حال شنوائی نہیں ہو رہی ۔یاد ر ہے کہ ہائیکورٹ نے فاضل جج کا تبادلہ لاہورکرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں ،فاضل جج نے چارج چھوڑنے سے قبل عدالت واپس پہنچ کر نابالغ عمیر کی زیر سماعت درخواستِ ضمانت پر مدعیہ کو طلب کیا، زیادتی کا مقدمہ درج کر انے والی خاتون عدالت میں دوران سماعت جرح کا سامنا نہ کر پائی اور اعتراف کیا کہ اس کا نابالغ بھتیجا بے قصور ہے ،مدعیہ نے اعترافی بیان بھی ریکارڈ کر ا دیا جس پر ایڈیشنل سیشن جج ملک نثار احمد نے ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں