گندم کی سمگلنگ ، ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے ٹیمیں تشکیل
حافظ آ باد کے داخلی و خارجی راستوں پر مال بردار گاڑیوں کی چیکنگ شروع
حافظ آباد(نامہ نگار، نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے گندم کی سمگلنگ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ ضلعی انتظامیہ محکمہ ریونیو کے افسر وں اور پیرا فورس پر مشتمل ٹیموں نے ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر مال بردار گاڑیوں کی چیکنگ شروع کر دی اور اس سلسلہ میں تمام خارجی راستوں پر عارضی چیک پوسٹیں بھی قائم کر دی گئی ہیں جبکہ افسر وں کی جانب سے مختلف رائس ملز کے گوداموں کو بھی چیک کیا جا رہا ہے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر یاسین، اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد نرجس خاتون جعفری، اے سی پنڈی بھٹیاں محسن اقبال ڈھلوں نے محکمہ ریونیو کے اہلکاروں اور پیرا فورس کے ہمراہ خانقاہ ڈوگراں موٹر وے انٹر چینج کوٹ سرور انٹر چینج،پنڈی بھٹیاں، قادرآباد بیراج، اقبال نگر اور ضلع کے دیگر داخلی،خارجی راستوں کی سخت نگرانی کرتے ہوئے تمام مال بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی علاوہ ازیں ضلعی افسر وں نے مختلف رائس ملز کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے گوداموں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ گندم کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں،ذخیرہ اور سمگل کی جانے والی تمام گندم قبضہ میں لے لیا جائیگا ۔