پنڈی بھٹیاں :نوجوانوں کی پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ
14افراد کا سر عام نوجوان پر تشدد ،اطلاع کے باوجود پو لیس تماشائی بنی رہی
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )شہر اور گردونواح میں نوجوانوں کی پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ، شہری خوف وہراس میں مبتلا ہوگئے ۔ آئے روز مختلف مقامات پر ڈنڈوں سے مسلح نوجوانوں کے جتھے آپس میں لڑائی جھگڑے کرتے ہیں اور کبھی کسی نہتے نوجوان پر تشدد کرکے خوف وہراس پھیلاتے ہیں ،نوجوانوں کے مسلح گینگز کو مبینہ طور پر بعض مقامی سیاستدانوں کی بھی آشیر باد حاصل ہے جو پرتشدد کارروائیوں کے بعد اپنا اثر ورسوخ استعمال کر کے صلح کر ا دیتے ہیں جس سے ان کی منفی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ، گزشتہ روز بھی محلہ قتل گڑھا کے ایک نوجوان کو 14نوجوانوں کے مسلح جتھے نے سرعام تشدد کر کے شدید زخمی کردیا اور بعد ازاں فون پر دھمکیاں بھی دیتے ر ہے کہ اگر قانونی کارروائی کی تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے ، اطلاع کے باوجود مقامی پولیس ٹس سے مس نہ ہوئی ، بعدازاں سوشل میڈیا پر تشدد کی وڈیو وائرل ہونے پر ڈی پی او حافظ آباد کامران حمید کے نوٹس لینے پر پولیس حرکت میں آئی اور2نوجوانوں کو گرفتار کر کے زخمی نوجوان عزیر کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ۔ شہریوں نے پو لیس حکام سے مسلح جتھوں کیخلاف کارروا ئی کا مطالبہ کیا ہے ۔