علی پور :گلیوں ‘ بازاروں میں کھلے نالے شہریوں کیلئے خطرہ
رات کے اوقات، بارش اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران صورتحال مزید سنگین
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )گلیوں اور بازاروں میں کھلے نالے شہریوں کیلئے خطرہ بن گئے ، حادثات میں اضافہ، متعلقہ اداروں کی جانب سے مسئلے کے مستقل حل کیلئے مؤثر اقدام سامنے نہ آ سکا ، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ شہر کے متعدد رہائشی علاقوں مین بازاروں اور مصروف گلیوں میں نکاسی آب کے نالے کھلے پڑے ہیں جن پر حفاظتی سلیبیں یا ڈھکن موجود نہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات، بارشوں اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران کھلے نالے مزید خطرناک صورت اختیار کر لیتے ہیں جس کے باعث متعدد افراد گر کر زخمی ہو چکے ہیں جبکہ کئی موٹرسائیکل سوار بھی حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق میونسپل کمیٹی کی جانب سے مسئلے کے مستقل حل کے بجائے عارضی اور وقتی اقدامات کو ترجیح دی جاتی ہے جس سے نہ صرف سرکاری وسائل ضائع ہوتے ہیں بلکہ شہریوں کی مشکلات بھی جوں کی توں رہتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی مقامات پر نالوں کی دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ بعض جگہوں پر گندگی اور ملبے کے باعث نکاسی آب کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے ۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ میونسپل کمیٹی کا عملہ عوامی مسئلے سے چشم پوشی اختیار کیے ہوئے ہے ، اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔ اہل علاقہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے شہری علاقوں میں کھلے نالوں کو کور کرنے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے گئے تھے تاہم علی پورچٹھہ میں ان ہدایات پر مؤثر عملدرآمد دکھائی نہیں دیتا ، حکام نوٹس لیں ۔