سیالکوٹ:رنگ روڈ کی نشاندہی کیخلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج

سیالکوٹ:رنگ روڈ کی نشاندہی کیخلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج

مکان اور زرعی اراضی متاثر ہو گی ، سینکڑوں خاندانوں کے بے گھر ہونے کا خدشہروٹ تبدیل کر کے آبادی اور رقبہ کے بجائے غیر آباد علاقہ سے گزارا جائے :مظاہرین

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈسکہ آڈھا سٹاپ کے مقام پر رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے کی جانے والی نشاندہی (مارکنگ)کے خلاف گاؤں آڈھا، بیڑھ، ہپو گڑھا اور گردونواح کے مکینوں نے شدید احتجاج کیا ، مظاہرین کا کہنا ہے کہ رنگ روڈ کیلئے جس راستے کا تعین کیا گیا ہے وہ ان کے آبائی گھروں اور زرعی اراضی کے اوپر سے گزر رہا ہے جس سے سینکڑوں خاندانوں کے بے گھر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر انتظامیہ سے مذکورہ فیصلے پر فوری نظرثانی کا مطالبہ درج تھا۔مظاہرین نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے درج ذیل مطالبات کیے ہیں۔ رنگ روڈ کا روٹ تبدیل کر کے اسے آبادی اور زرعی رقبوں کے بجائے غیر آباد علاقوں سے گزارا جائے ۔شہریوں کی زندگی بھر کی کمائی سے تعمیر شدہ مکانات کو مسمار کرنے سے گریز کیا جائے ۔حکومت اور ضلعی انتظامیہ عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لے کر متاثرین کے خدشات کو دور کرے ۔مظاہرین نے کہا کہ اگر ان کے گھروں کو مسمار کرنے کے متنازع منصوبے کو تبدیل کیا جائے ۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے تاکہ عوام کو بے گھر ہونے سے بچایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں