5ماہ کے دوران طلاق کے 5543دعوے دائر
سوشل میڈیا کا بے جا استعمال ،منشیات،تشدد، جہیز کم لانے جیسے الزامات
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )رواں سال پہلے 5 ماہ میں گوجرانوالہ ضلع کی فیملی عدالتوں میں طلاق کے 5ہزار 543 دعوے دائر ہوئے ،فیملی کورٹس نے طلاق کے زیر سماعت 3 ہزار سے زائد دعوے ڈگری کر کے میاں بیوی میں علیحدگی کر ائی ،دعو ئو ں میں شوہروں کے پہلے سے شادی شدہ ہونے ،تشدد کرنے ،منشیات کا عادی ہونے ، جہیز کم لانے اور خرچ نہ دینے جیسے دیگر سنگین الزامات عائد کئے گئے ،سوشل میڈیا کا بے جا استعمال بھی میاں بیوی کے رشتے میں دراڑ ڈالنے لگا،گھر سے فرار ہو کر پسند کی شادی کرنے والے لڑکیوں نے بڑی تعداد میں طلاق کیلئے عدالتوں سے رجوع کر لیا۔ تفصیل کے مطابق 2026 کے پہلے 5ماہ میں گوجرانوالہ ، تحصیل کامونکے ، تحصیل نوشہرہ ورکاں اور وزیر آباد کی فیملی کورٹس میں طلاق کے 5543 دعوے دائر ہوئے جن میں 2 ہزار 444 دعوے گوجرانوالہ کی فیملی کورٹس میں دائر کئے گئے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق گھر سے فرار ہو کر پسند کی شادی کرنے والی لڑکیاں طلاق کے دعوے دائر کرنے والوں میں سر فہرست ہیں، متعدد دعوے نکاح کے صرف 3 سے 10دن کے دوران دائر کئے گئے جن میں سنگین نوعیت کے الزامات عائد کئے گئے ۔ دعو ئوں میں کہا گیا کہ شوہر بچوں اور بیوی کو وقت دینے ، سیر پر لیجانے کے بجائے شوشل میڈیا دیکھنے کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں جو تعلقات میں خرابی کا بڑا سبب ہے ،یہ امر قابل ذکر ہے کہ 2025 میں ضلع بھر کی فیملی کورٹس میں 10 ہزار 762 دعوے دائر ہوئے تھے ۔ قانونی ماہرین نے طلاق کے بڑھتے رجحان کو معاشر ے کیلئے بڑا خطرہ قرار دیا ۔ وکلا کا کہنا تھا کہ معاشرے میں صبر کا پیمانہ ختم ہو چکا معمولی باتوں پر میاں بیوی مین علیحدگی معمول بن چکا ، مصالحت کی کوشش کے باوجود معاملات بہتری کے بجائے انتشار کی جانب بڑھ جاتے ہیں ۔