محرم الحرام :ضابطہ اخلاف پر سختی سے عملدر آمد ہوگا:کا بینہ کمیٹی

محرم  الحرام :ضابطہ  اخلاف  پر  سختی  سے  عملدر  آمد  ہوگا:کا بینہ  کمیٹی

گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن میں 6858مجالس اور 1588 جلوسوں کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل ، محرم میں پولیس کی مدد کیلئے آرمی کی 8اور رینجرز کی 11کمپنیاں تعینات ہوں گی

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے گوجرانوالہ کا دورہ کیا، جہاں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔جس میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر و شریک چیئرمین بلال یاسین، صوبائی وزراء ملک صہیب احمد بھرتھ، بلال اکبر خان اور چوہدری شافع حسین اودیگرنے شرکت کی۔ کمشنر محمد علی اور آر پی او خرم شہزاد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن میں 6858 مجالس اور 1588 جلوسوں کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ 353 ذاکرین اور مقررین کی ضلع بندی و زبان بندی کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران پولیس کی معاونت کیلئے آرمی کی 8اور رینجرز کی 11کمپنیاں تعینات ہوں گی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی اور قیامِ امن حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

بلال یاسین نے کہا کہ تمام منتظمین پبلک سیفٹی ایپلی کیشن کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے منسلک ہوں اور انتظامات کے دوران موسم کی شدت کو بھی مدنظر رکھا جائے ۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے جلوسوں کے روٹس کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی اور محفوظ محرم الحرام کیلئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ۔بلال اکبر خان نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر اپنے پیروکاروں کو سوشل میڈیا پر بدامنی سے اجتناب کی تلقین کریں، جبکہ بین الصوبائی اور بین الاضلاعی سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کی جائے ۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ فرقہ واریت کی روک تھام کیلئے تمام اضلاع میں سائبر پٹرولنگ سیلز فعال کیے جائیں اور روایتی جلوسوں و مجالس کو ایس او پیز کے مطابق محفوظ بنایا جائے ۔سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ صوبہ بھر میں ڈرون اڑانے پر دفعہ 144نافذ ہے ، جس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا، جبکہ محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے پنجاب بھر کے جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ ہوگی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ ڈیوٹی پر مامور اہلکار جلوسوں اور مجالس کے اختتام تک مکمل مستعد رہیں گے ، بعد ازاں کابینہ کمیٹی نے گوجرانوالہ میں ڈویژنل امن کمیٹی، علماء و مشائخ اور اقلیتی برادری کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں