پنڈی بائی پاس ‘جناح انٹرچینج سے ملحقہ راستوں پر کوڑا جمع
ڈپٹی کمشنر کا اظہار برہمی ، ستھرا پنجاب کی ٹیموں کو کوڑا پوائنٹس کلیئر کرنے کا حکم
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے ، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے پنڈی بائپاس اور جناح انٹرچینج کا دورہ کرتے ہوئے فلائی اوور سے ملحقہ راستوں پر صفائی کی ناقص صورتحال اور تجاوزات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت تعینات ٹیموں کو فوری طور پر تمام کوڑا پوائنٹس کلیئر کرنے کے احکامات جاری کئے جبکہ تجاوزات کے مکمل خاتمے کیلئے پیرا فورس حکام کو بھی ہدایات دیں۔
موقع پر موجود دکانداروں کو تنبیہ کی گئی کہ وہ سرکاری اراضی اور فٹ پاتھوں پر قبضوں سے گریز کریں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گلبرگ کالونی نوشہرہ روڈ کا دورہ کیا اور مختلف بازاروں، گلی محلوں میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے کھیالی دروازہ کا بھی دورہ کیا جہاں رہائشی و تجارتی علاقے میں قائم ایک غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ شاپ کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔