پبلک سروس کمیشن کو معذورشہری کاامتحان لینے کی ہدایت
عدالت نے کمیشن کی جانب سے رپورٹ پیش کرنے پردرخواست نمٹادیمحکمہ قانون کو خصوصی افراد کے لیے اسامیوں کے کوٹے پر نظرثانی کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے معذور شہری مشرف کا امتحان نہ لینے کے معاملے پر دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کا امتحان لینے کی ہدایت کر دی، جبکہ محکمہ قانون کو خصوصی افراد کے لیے مختص اسامیوں کے کوٹے پر نظرثانی کرنے کا حکم بھی دیا ہے ۔ سماعت کے دوران چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن، سیکریٹری اور کنٹرولر امتحانات عدالت میں پیش ہوئے اور عدالتی حکم پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ جمع کرائی۔ کمیشن کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ موجودہ قواعد و ضوابط کے تحت درخواست گزار کے لیے متعلقہ اسامی نہیں بنتی۔
جواب میں مزید کہا گیا کہ کمیشن درخواست گزار کا انٹرویو لینے کے لیے تیار ہے ، تاہم خصوصی افراد کے کوٹے پر دستیاب اسامیوں کی تعداد محدود ہے ۔ کمیشن کے نمائندوں نے مؤقف اختیار کیا کہ خصوصی افراد کے لیے اسامیوں کی تعداد اور ان سے متعلق پالیسی کا تعین کرنا محکمہ قانون کا اختیار ہے ، اس لیے اس معاملے میں حتمی فیصلہ متعلقہ محکمہ ہی کر سکتا ہے ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست گزار مشرف کا امتحان لینے کی ہدایت جاری کر دی۔ عدالت نے ساتھ ہی محکمہ قانون کو حکم دیا کہ خصوصی افراد کے لیے مختص آسامیوں اور کوٹے کے نظام کا ازسرنو جائزہ لیا جائے تاکہ ایسے امیدواروں کو مناسب مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ عدالت نے کمیشن کی جانب سے رپورٹ پیش کیے جانے اور عدالت کی ہدایات جاری ہونے کے بعد درخواست نمٹا دی گئی۔