سری لنکن ہائی کمشنر کا فری ٹریڈ ایگریمنٹ فعال کرنے پر زور
فارماسیوٹیکل، زراعت ،کٹلری میں تعاون کے مواقع موجود ہیں :فریڈ سنی ویراتنے
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )پاکستان میں تعینات سری لنکا کے ہائی کمشنرفریڈ سنی ویراتنے نے ٹیم کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس سیالکوٹ کا دورہ کیا ۔ سیالکوٹ چیمبر آمد پر صدر احتشام مظہر گیلانی ، ایس وی پی میاں مراد ارشد ، وی پی سلیمان شیخ ،سیکرٹری ملک طارق محمود، ڈپٹی سیکرٹری اظہر ڈار اور ایگزیکٹو باڈی ممبران نے استقبال کیا ۔ صدر چیمبر نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے سیالکوٹ کی تعمیرو ترقی میں بزنس کمیونٹی کی خدمات اور سیالکوٹ انڈسٹری میں تیار کردہ عالمی معیار کی مصنوعات بارے مہمانوں کو آگاہی دی ۔ ہائی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی اے )کو ازسرِنو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تجویز دی کہ دونوں ممالک کے درمیانہ ہائی سطح پر رابطے بڑھائے جائیں تاکہ فارماسیوٹیکل، زراعت، آلو، چاول اور کٹلری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔ہائی کمشنر نے کاروباری وفد سری لنکا بھیجنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فنانس، زراعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سری لنکن ہائی کمیشن دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان کاروباری، ثقافتی روابط بڑھانے میں بھرپور تعاون کرے گا۔