علی پورچٹھہ:زیر تعمیر سیم نالہ پر قائم عارضی پلی ٹوٹ گئی

علی پورچٹھہ:زیر تعمیر سیم نالہ پر قائم عارضی پلی ٹوٹ گئی

مٹی سے لدی ٹرالی زمین میں دھنس گئی، شہریوں کا پلی جلد مکمل کرنے کا مطالبہ

علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )تین سال سے زیر تعمیر سیم نالہ پر قائم عارضی پلی ٹوٹ گئی، مٹی سے لدی ٹرالی زمین میں دھنس گئی۔ علی پورچٹھہ کے وسط سے گزرنے والے سیم نالہ سید نگر روڈ پر پر موٹرسائیکلوں، کاروں اور ہلکی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے عارضی پلی تعمیر کی گئی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک ٹریکٹر ڈرائیور مٹی سے بھری بھاری ٹرالی اس پلی سے گزارنے کی کوشش کر رہا تھا کہ وزن برداشت نہ کر سکنے کے باعث پلی اچانک ٹوٹ گئی اور ٹرالی زمین میں دھنس گئی جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مذکورہ پلی بھاری گاڑیوں کیلئے نہیں بنائی گئی تھی تاہم احتیاط نہ برتنے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ شہریوں نے اس واقعہ کو انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کیلئے لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس وقت موٹرسائیکل سوار یا پیدل راہگیر وہاں موجود ہوتے تو کوئی بڑا جانی نقصان بھی ہو سکتا تھا۔ شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیم نالہ منصوبہ گزشتہ تقریباً 3 سال سے زیر تعمیر ہے اور اس دوران شہر کے مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ وزیرآباد، اسسٹنٹ کمشنر اور متعلقہ تعمیراتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سیم نالہ منصوبے کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ ، عارضی راستوں اور پلوں کو محفوظ بنایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں