جامکے چٹھہ:مرکزی روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ، گڑھے بن گئے
سڑک کی خستہ حالی کے باعث ٹریفک روانی متاثر،مسافروں کو مشکلات کا سامنا
جامکے چٹھہ (نامہ نگار )جامکے چٹھہ ریلوے پھاٹک سے مین آبادی کی جانب جانے والا مرکزی روڈ ڈاکٹر ظفر لطیف ہسپتال اور قمر میڈیکل سٹور کے قریب بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر گڑھوں میں تبدیل ہو گیا جس کے باعث شہریوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔یہ سڑک ریلوے پھاٹک سے جامکے چٹھہ کی مین آبادی، علی پور چٹھہ، منچر چٹھہ، پنڈوری، جتی شاہ رحمن اور گردونواح کے متعدد دیہات کو آپس میں ملانے والی اہم شاہراہ ہے جہاں روزانہ ہزاروں گاڑیاں، موٹرسائیکلیں، رکشے اور پیدل شہری آمدورفت کرتے ہیں۔
سڑک کی خستہ حالی کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو چکی ہے جبکہ بارش کے دوران کھڈوں میں پانی جمع ہونے سے حادثات کا خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے ۔مقامی شہریوں، تاجروں اور سماجی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کی مشکلات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سڑک کی ازسرنو تعمیر اور مرمت کرائی جائے تاکہ روزمرہ سفر محفوظ اور آسان بنایا جا سکے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔