کھلے مین ہولز پر زیرو ٹالرنس، زمہ دار ہائوسنگ سوسائٹی کے مالک کیخلاف مقدمہ درج ہوگا

کھلے مین ہولز پر زیرو ٹالرنس، زمہ دار ہائوسنگ سوسائٹی کے مالک کیخلاف مقدمہ درج ہوگا

جس ہاؤسنگ سوسائٹی میں مین ہول کھلا پایا گیا اس کا دفتر سیل کیا جائے گا ،تمام صفائی پوائنٹس کلیئر رکھنے کی ہدایت ،بیوٹیفکیشن منصوبوں کے ڈیزائن حتمی شکل دے کر عملی کام شروع کرنے کا حکم

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ضلع بھر کی ہاؤسنگ سوسائٹیز کا جامع سروے کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جس ہاؤسنگ سوسائٹی میں مین ہول کھلا پایا گیا، اس کے مالک کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے دفتر سیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مین ہولز محفوظ بنائے جانے تک سیل شدہ ہاؤسنگ سوسائٹی کا دفتر ہرگز نہ کھولا جائے ۔وہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی عابد بھٹی نے صفائی ستھرائی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر تمام صفائی پوائنٹس کلیئر رکھے جائیں، فیلڈ مانیٹرنگ مزید مؤثر بنائی جائے اور فیلڈ سٹاف کی حاضری کے ساتھ یونین کونسلز میں صفائی کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے بیوٹیفکیشن منصوبوں کے تمام ڈیزائن فوری حتمی شکل دے کر عملی کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے خبردار کیا کارکردگی ایپ پر جعلی انٹریز کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ شفاف رپورٹنگ اور عوامی شکایات کا بروقت اور زمینی حقائق کے مطابق سو فیصد ازالہ یقینی بنایا جائے ۔ اس سلسلے میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی، عوامی خدمت اور کے پی آئیز پر عملدرآمد کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سمیت مختلف محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں