بد ترین لوڈشیڈنگ شروع، ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹہ بجلی بند
میکلورڈ روڈ ، اطراف کے علاقے ، شادمان ودیگر مقامات اندھیرے میں ڈوب گئے
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )گرمی کی شدت بڑھتے ہی شہر میں بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ شروع ،لیسکو ریجن میں فورس لوڈشیڈنگ جاری، ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹہ بجلی بند ہونے لگی ۔لیسکو کو آٹھ سو میگاواٹ تک شارٹ فال کا سامنا رہا ۔ذرائع کے مطابق لیسکو کی ڈیمانڈ 5275 سے تجاوز کر گئی جبکہ فراہمی 4490 میگاواٹ ہے ، لوڈشیڈنگ سے میکلورڈ روڈ، اطراف ، شادمان،رسول پارک لدھڑ، اعوان ٹاؤن، ڈیفنس،بریج کالونی اور سمن آباد کے علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ۔شالامار، والٹن ، ایمپریس روڈ، کیولری گراؤنڈ، نکلسن روڈ، باغبانپورہ گلشن راوی میں بھی سپلائی معطل رہی ،شہری پریشان ہوتے رہے جبکہ لیسکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صرف ہائی لاسز فیڈرز پر شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ جاری ہے ۔