پیشہ ور بھکاریوں کی بھر مار، جرائم بڑھنے کا خدشہ

 پیشہ ور بھکاریوں کی بھر مار، جرائم بڑھنے کا خدشہ

محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال اور متعلقہ اداروں کی کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ، مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے :شہری

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد شہر اور گردونواح میں پیشہ ور بھکاریوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے لگا ہے ، جبکہ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال اور متعلقہ اداروں کی کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ چوراہوں، بازاروں، بس اڈوں، ریلوے سٹیشن، مساجد اور گلی محلوں تک پھیلنے والے پیشہ ور بھکاری شہریوں کے لیے دردِ سر بن گئے ہیں۔شہریوں کے مطابق شہر کے اہم چوراہوں، تجارتی مراکز، ہسپتالوں، مساجد اور رہائشی علاقوں میں مرد، خواتین اور بچوں پر مشتمل بھکاریوں کے گروہ مختلف حیلے بہانوں سے لوگوں سے رقم وصول کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ بیشتر بھکاری روزانہ مخصوص مقامات پر موجود ہوتے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گداگری ان کا باقاعدہ پیشہ بن چکی ہے ۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان میں سے متعدد افراد کے پاس شناختی دستاویزات بھی موجود نہیں ہوتیں اور نہ ہی ان کی مناسب جانچ پڑتال کی جاتی ہے ۔ یہ افراد گلی محلوں اور گھروں تک پہنچ جاتے ہیں، جس سے بالخصوص خواتین اور بچوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے ۔

شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بعض پیشہ ور بھکاری ہمدردی کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیتے ہیں اور بعض اوقات گھروں، دکانوں اور دیگر مقامات کے بارے میں معلومات بھی اکٹھی کرتے ہیں، جس سے جرائم کے خدشات میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔شہریوں نے کہا کہ انسدادِ گداگری کے قوانین موجود ہونے کے باوجود ان پر مؤثر عملدرآمد نظر نہیں آتا اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کی کارروائیاں انتہائی محدود ہیں۔عوام نے کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے ، ان کی شناخت اور جانچ پڑتال یقینی بنائی جائے اور گداگری کے نام پر شہریوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں