اسلام آباد : 350 ایکڑ پر جدید وائلڈ لائف سفاری پارک قائم کرنے کا فیصلہ ، ڈیزائن تیار
سفاری پارک ملپور کے علاقے میں تعمیر کیا جائیگا، 3,605جانوروں کیلئے قدرتی رہائش گاہیں، انگولیٹ سفاری زون بھی قائم ہوگا جدیدطرز کا ڈیجیٹل میوزیم، ایک کلومیٹر طویل فاریسٹ کینوپی واک، دو کلومیٹر طویل چیئر لفٹ ٹریک کی سہولیات بھی شامل ہوں گی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سی ڈی اے نے اسلام آباد میں 350 ایکڑ رقبے پر جدید وائلڈ لائف سفاری پارک قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ مجوزہ سفاری پارک بھارہ کہو کے قریب مری روڈ کے ساتھ ملپور فاریسٹری پارک کے علاقے میں تعمیر کیا جائے گا، جس کا ڈیزائن بھی تیار کر لیا گیا ہے ۔سی ڈی اے کے مطابق منصوبے پر عملدرآمد کے دوران قدرتی جنگلات کو مکمل طور پر محفوظ رکھا جائے گا اور تعمیراتی سرگرمیاں ماحول کو نقصان پہنچائے بغیر انجام دی جائیں گی۔ منصوبے کے تحت 3 ہزار 605 جانوروں کے لیے قدرتی طرز کی رہائش گاہیں قائم کی جائیں گی، جبکہ پارک میں 10 مختلف سفاری اور وائلڈ لائف سینکچری زونز بھی بنائے جائیں گے ۔منصوبے کے مطابق ایک ہزار کنال پر مشتمل پاکستان کا سب سے بڑا انگولیٹ سفاری زون بھی پارک کا حصہ ہوگا، جبکہ شیروں، ٹائیگرز، ریچھوں اور ہائینا کے لیے علیحدہ بگ کیٹ زون قائم کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ مگرمچھ، گینڈے ، ہاتھی اور دریائی گھوڑے کے لیے خصوصی سینکچریز بھی تعمیر کی جائیں گی۔مجوزہ سفاری پارک میں جدید طرز کا ڈیجیٹل میوزیم، ایک کلومیٹر طویل فاریسٹ کینوپی واک، دو کلومیٹر طویل چیئر لفٹ ٹریک، کوئی فش پانڈ، قدرتی جھیل اور برج واک جیسی سہولیات بھی شامل ہوں گی۔ بچوں کے لیے جنگل پلے ایریا اور زپ لائن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔منصوبے کے تحت پارک کے مرکزی حصے میں سفاری ولیج، لاجز اور مختلف تفریحی سرگرمیوں کے مراکز قائم کیے جائیں گے ، جبکہ سفاری فوڈ اسٹریٹ کو براہ راست مری روڈ سے منسلک کیا جائے گا جہاں متعدد ریسٹورنٹس موجود ہوں گے ۔سی ڈی اے کے مطابق منصوبے میں جانوروں کے علاج کے لیے عالمی معیار کا وائلڈ لائف کیئر کمپلیکس، جدید ویٹرنری اور قرنطینہ سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد اسلام آباد عالمی معیار کی سفاری سیاحت کے ایک نئے مرکز کے طور پر ابھرے گا۔