میگاسیوریج منصوبے کے تحت مزید نئی کھدائی فوری طور پر روکنے کا حکم دیدیا گیا

میگاسیوریج منصوبے کے تحت مزید نئی کھدائی فوری طور پر روکنے کا حکم دیدیا گیا

ڈرینج سسٹم کو فنکشنل رکھا جائے ، ڈپٹی کمشنرحسین رضا چوہدری، کچہری بازار اور سٹی روڈ پر ترقیاتی کام ایک ہفتے کے اندر مکمل کر کے پوری طرح بحال کرنے کا بھی ٹاسک دیدیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری نے مون سون سیزن کے پیش نظر واسا حکام کو شہر میں جاری میگا سیوریج منصوبے کے تحت مزید نئی کھدائی فوری طور پر روکنے اور جہاں کام مکمل ہو چکا ہے وہاں سڑکوں اور گلیوں کی فوری بحالی یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے ، انہوں نے سٹی بیوٹیفکیشن پروگرام کے تحت کچہری بازار اور سٹی روڈ پر جاری ترقیاتی کام ایک ہفتے کے اندر سو فیصد مکمل کر کے دونوں بازار عوام کے لیے مکمل طور پر بحال کرنے کا بھی ٹاسک دیدیا ،یہ ہدایات انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ایم ڈی واسا محمد ابوبکر عمران، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین، اے ڈی پی ڈی پی حامد چٹھہ، فیسکو اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہر میں جہاں سیوریج لائنیں بچھائی جا چکی ہیں وہاں فوری بحالی کا کام مکمل کیا جائے ، تمام ڈسپوزل اسٹیشنز فعال کیے جائیں اور مون سون کے دوران بارشی پانی کے نکاس کے لیے قائم ٹینکس اور ڈرینج سسٹم کو مکمل طور پر فنکشنل رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اجلاس میں ایم ڈی واسا نے میگا سیوریج منصوبے کے زون اے اور زون بی میں جاری کام، ٹائم لائن اور پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے سٹی بیوٹیفکیشن پروگرام کے تحت کچہری بازار اور سٹی روڈ پر فیسکو کا تقریباً 95 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے وزیراعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بھیرہ، ساہیوال، سلانوالی اور بھلوال میں جاری سڑکوں، سٹریٹ لائٹس، پارکس، سیوریج بحالی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے 15 جولائی کی مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر ترقیاتی منصوبے ہر صورت مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن شروع ہونے والا ہے ، اس لیے تمام محکمے مکمل الرٹ رہیں اور شہریوں کو بروقت اور مؤثر ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں