انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری بورڈ سرگودھا کا بجٹ منظور

انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری بورڈ سرگودھا کا بجٹ منظور

انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری بورڈ سرگودھا کا بجٹ منظور عمارتوں کی دیکھ بھال، امتحانی نظام کی بہتری کے حوالے سے اعداد و شمار پیش

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن و چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا، حافظ شوکت علی کی زیرصدارت بورڈ آف گورنرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مالی سال 2026-27 کے سالانہ بجٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں بورڈ کے مالی، انتظامی اور ترقیاتی امور سمیت آئندہ مالی سال کی ترجیحات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے آغاز میں سیکرٹری بورڈ ابوالحسن نقوی نے بجٹ کے مختلف پہلوؤں پر جامع بریفنگ دیتے ہوئے متوقع آمدن، اخراجات، امتحانی سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ، عمارتوں کی دیکھ بھال، امتحانی نظام کی بہتری، سکیورٹی اقدامات اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی اعداد و شمار پیش کیے ۔ انہوں نے بتایا کہ بجٹ کی تیاری میں بورڈ کی موجودہ ضروریات، مستقبل کے تقاضوں اور مالی وسائل کے مؤثر استعمال کو مدنظر رکھا گیا ہے ۔

اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے ارکان نے بجٹ کی مختلف شقوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعدد تجاویز پیش کیں۔ ارکان نے اس امر پر اتفاق کیا کہ دستیاب وسائل کو ایسے منصوبوں پر خرچ کیا جائے جن سے امتحانی نظام میں مزید شفافیت، جدیدیت اور انتظامی استعداد میں اضافہ ہو، جبکہ طلبہ کو بروقت، معیاری اور سہل امتحانی خدمات فراہم کی جا سکیں اس موقع پر کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ بورڈ ایک اہم تعلیمی ادارہ ہے جس کی ذمہ داری لاکھوں طلبہ کے تعلیمی مستقبل سے وابستہ ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بجٹ پر عملدرآمد کے دوران شفافیت، کفایت شعاری، میرٹ اور احتساب کے اصولوں پر سختی سے عمل کیا جائے اور ہر منصوبے کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں