کوآپریٹو کورٹ کا فیصلہ معطل ،سیکرٹری کوآپریٹو سوسائٹیز طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان آڈٹ کوآپریٹو سوسائٹی کی جانب سے کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر ابتدائی سماعت کے دوران کوآپریٹو کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سیکرٹری کوآپریٹو سوسائٹیز کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین سے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کرلیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کورٹ نے سوسائٹی کے انتظامات ناظر کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم ناظر نے چارج سنبھالنے کے پہلے ہی روز سوسائٹی کے انتخابات کرادیے ، جو قانون اور قواعد کے منافی ہیں۔سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ موجودہ قانون کے تحت کوآپریٹو سوسائٹی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے کوئی فورم موجود نہیں ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ قوانین میں موجود نقائص کی وجہ سے درخواست گزاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔