کورنگی میں خاتون پر تیزاب گردی ، وزیراعلیٰ کا نوٹس

کورنگی میں خاتون پر تیزاب گردی ، وزیراعلیٰ کا نوٹس

علی نامی شخص کافی عرصے سے ہراساں کر رہا تھا ،متعدد بار شکایت کی، متاثرہ خاتون انصاف کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، مراد علی شاہ

کراچی (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد کے علاقے کورنگی کراسنگ میں خاتون پر تیزاب پھینکنے کا واقعہ پیش آیا۔متاثرہ خاتون کے مطابق علی نامی شخص کافی عرصے سے ہراساں کر رہا تھا جس کی متعدد بار شکایت کی، 21جون کو گھر سے باہر نکلی تو پڑوسی تیزاب پھنک کر فرار ہو گیا۔خاتون نے بتایا کہ ملزم کیخلاف ایک ایف آئی آر پہلے ہی درج ہے لیکن تیزاب پھینکنے کا پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی اور واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیراعلی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ خاتون پر تیزاب پھینکنے والے نامزد ملزم کو فی الفور گرفتار کیا جائے ۔متاثرہ خاتون کو انصاف فراہم کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعلی سندھ نے مزید ہدایت کی کہ متاثرہ خاتون کو فوری طور پر بہترین طبی امداد، مکمل تحفظ اور ہر ممکن سرکاری معاونت فراہم کی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ تیزاب گردی جیسے درندانہ اور غیر انسانی فعل میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں قانون کے مطابق سخت انجام تک پہنچایا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں