عدالت کا ایس ایس پی ایسٹ کے خلاف کارروائی کا حکم

عدالت کا ایس ایس پی ایسٹ کے خلاف کارروائی کا حکم

احکامات کی خلاف ورزی پر سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ سے 7روز میں رپورٹ طلبتسلی بخش رپورٹ پیش نہ کرنے اور فرض شناسی میں ناکامی پر عدالت برہم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینئر سول جج ملیر نے ایس ایس پی کراچی ایسٹ زبیر نذیرکے خلاف عدالتی احکامات کی مبینہ دانستہ خلاف ورزی پر سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو محکمانہ کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سات روز میں عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔ سینئر سول جج ملیر نے مراسلے میں کہا کہ سول سوٹ میں 19 مئی 2026 کو ناظر عدالت کو بطور ریسیور مقرر کیا گیا تھا اور قبضہ حاصل کرنے کے لیے پولیس کو مناسب نفری فراہم کرنے کے احکامات دیے گئے تھے ۔ مراسلے کے مطابق 2 جون 2026 کو ناظر عدالت، سچل تھانے کی پولیس اور ریونیو حکام عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے موقع پر پہنچے تو مبینہ غیرقانونی قابضین نے فائرنگ کردی۔

جس کا مقصد قتل کرنا، دھمکانا اور عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنا تھا۔ عدالت نے کہا کہ واقعے کے بعد ناظر عدالت نے سچل تھانے میں اطلاع دی، تاہم پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا اور نہ ہی ایس ایس پی کراچی ایسٹ نے کوئی کارروائی کی حالانکہ عدالت سمیت مختلف ذرائع سے واقعے کی اطلاع دی گئی تھی، عدالت نے مزید کہا کہ 24 جون 2026 کو دوبارہ سچل تھانے کے ایس ایچ او اور ایس ایس پی کراچی ایسٹ زبیر نذیر کو فائرنگ کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی اور عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا، لیکن نہ تو مؤثر کارروائی کی گئی اور نہ ہی عدالت میں کوئی تسلی بخش رپورٹ جمع کرائی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں