مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے :ڈپٹی کمشنر
علی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا ، مریضوں سے ملاقات
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کا دورہ کرکے طبی سہولیات، ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، آؤٹ ڈور اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے علاج، ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات سے متعلق دریافت کیا، جبکہ مریضوں کی آراء سننے کے بعد متعلقہ افسران کو طبی خدمات کے معیار میں مزید بہتری لانے کی ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری بھی چیک کی اور ہدایت کی کہ تمام طبی عملہ اپنے فرائض ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال آنے والے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے ادویات کے ذخیرے اور مریضوں کو مفت فراہم کی جانے والی ادویات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ادویات کی ہر وقت دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی مریض کو ضروری دوا کے حصول میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔