گوجرہ ترقیاتی کاموں کے معیار پرسمجھوتہ نہیں ہوگا:ڈپٹی کمشنر

گوجرہ ترقیاتی کاموں کے معیار پرسمجھوتہ نہیں ہوگا:ڈپٹی کمشنر

عمر میلہ نے ساڑھے 4لاکھ گیلن گنجائش کے زیرِ تعمیر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا معائنہ کیا

گوجرہ (نمائندہ دنیا)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت گوجرہ میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ چودھری ریاض گجر کے ہمراہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ کی بحالی اور تزئین و آرائش کے منصوبے کا معائنہ کرتے ہوئے جدید ویٹنگ ایریا، واش رومز، ٹف ٹائلز اور نئے شیڈز کی تعمیر پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے منصوبہ بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے ۔انہوں نے ساڑھے چار لاکھ گیلن گنجائش کے زیرِ تعمیر انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کا بھی معائنہ کیا اور واضح کیا کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے سہولت بازار اور سبزی منڈی کے قریب زیرِ تعمیر رکشہ اسٹینڈ کا بھی دورہ کیا اور وہاں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ رکشہ ڈرائیوروں اور مسافروں کو صاف، محفوظ اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی، صفائی ستھرائی اور ادویات کی دستیابی کا معائنہ کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں