علی پورچٹھہ:نہروں پر نہانے والوں کا رش ‘انتظامیہ تماشائی
بچوں کی خطرناک چھلانگیں ، حادثات کے باوجود روک تھام نہ کی جاسکی
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )شدید گرمی میں نہروں اور راجباہوں پر نہانے والوں کا رش لگ گیا ، کم عمر بچوں کی خطرناک چھلانگیں ، حالیہ حادثات کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق نہر لوئر چناب، مختلف راجباہوں اور دیگر آبی مقامات پر روزانہ درجنوں بچے اور نوجوان نہانے کیلئے جمع ہوتے ہیں ، بچے بلند پلوں سے پانی میں چھلانگیں لگاتے ہیں جس سے کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ اور نہروں میں نہانے پر پابندی کے اعلانات کے باوجود ان پر مؤثر عملدرآمد دکھائی نہیں دیتا۔ گزشتہ روز سید نگر راجباہ میں پیش آنے والا افسوسناک واقعہ ابھی عوام کے ذہنوں سے محو نہیں ہوا، جہاں ماموں کی مبینہ غفلت کے باعث 9 سالہ ارتضیٰ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا تھا۔ عیدالاضحیٰ کے ایام میں دریائے چناب میں نہاتے ایک ہی خاندان کی 8 خواتین اور بچیاں ڈوب گئی تھیں جن میں سے 4 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے چند روز قبل سوئمنگ پولز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے بعض پولز کو سیل کیا اور مقدمات بھی درج کئے تاہم نہروں، راجباہوں اور دیگر کھلے آبی مقامات پر مؤثر نگرانی کافقدان دکھائی دیتا ہے جہاں روزانہ سینکڑوں بچے اور نوجوان جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ وزیرآباد، اسسٹنٹ کمشنر، پولیس، ریسکیو 1122 اور محکمہ انہار سے مطالبہ کیا ہے کہ نہروں اور راجباہوں پر نہانے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔