پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس میں پوسٹ بجٹ پینل ڈسکشن
ایڈیشنل کمشنر فیصل سلطان ‘صدر چیمبر علی ہمایوں‘ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ظفر اللہ کی شرکت
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس کے زیر اہتمام پوسٹ بجٹ پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل کمشنر پنجاب ریونیو اتھارٹی گوجرانوالہ فیصل سلطان، صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری علی ہمایوں بٹ، ایڈیشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس گوجرانوالہ، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ظفر اللہ اینڈ کمپنی کے سی ای او ظفراللہ پاشا نے شرکت کی جبکہ چیف اکانومسٹ منسٹری آف پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ سپیشل انیشیٹو ڈاکٹر امتیاز احمد جوائنٹ ڈائریکٹر سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان مرتضیٰ عباس نے آن لائن شرکت کر کے طلبہ کو ملکی معیشت اور دیگر امور پر آگاہ کیا اور اہم معلومات فراہم کیں جسے طلبہ نے بے حد سراہا۔
اس پینل ڈسکشن میں ڈین یونیورسٹی کیمپس شاہد سلیم خواجہ، ہیڈ بی ایس پروگرامز شمیم اختر اساتذہ اور طلبہ کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ اس موقع پر شرکا نے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز محمد شہزاد رفیق کے ویژن کی تعریف کی جنہوں نے پوسٹ بجٹ پینل ڈسکشن کے انعقاد کو ممکن بنانے میں رہنمائی فراہم کی، تمام معزز مہمانوں نے نہ صرف اپنے اپنے اداروں کے حوالے سے طلبہ کو آگاہ کیا بلکہ بجٹ کے ملکی معیشت میں پڑنے والے اثرات اور اس کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ طلبہ کو بتایا گیا کہ بجٹ میں کن کن چیزوں کا خیال رکھا جاتا ہے خاص طور پر ٹیکس، آمدن اور اخراجات کے توازن کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت اور حکومتی اداروں کو کیا کیا اقدامات کرنے پڑتے ہیں۔ طلبہ نے پوسٹ بجٹ پینل ڈسکشن کو سود مند قرار دیا اور ایسے پروگرام مستقبل میں بھی کر انے کی ضرورت پر زور دیا، ماہرین نے طلبہ کے مختلف سوالوں کے جوابات بھی د ئیے ، آخر میں تمام معزز مہمانوں کو کالج کی طرف سے شیلڈز اور سوینیر بھی پیش کئے گئے۔