ستھراپنجاب پروگرام کو عالمی پذیرائی مل رہی :ذیشان رفیق
صفائی ستھرائی کے حوالے سے زیرو ٹالرننس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت
ڈسکہ(نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب کا صفائی نظام آج عالمی سطح پر اپنی مثال آپ بن چکا ، ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابیاں بین الاقوامی سطح پر ملنے والی پذیرائی اس منصوبے کی افادیت اور کامیابی کا واضح ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہر ذمہ دار شہری کی بھی ہے لہذاہم سب کو صفائی کو اپنی عادت بناتے ہوئے اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنا ہوگا تاکہ ستھرا پنجاب کے وژن کو مزید کامیاب بنایا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں ستھرا پنجاب پروگرام اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے تحصیل انتظامیہ ڈسکہ، متعلقہ محکموں کے مقامی حکام سے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر نے صوبائی وزیر کو صفائی ستھرائی، سیوریج، ڈی سلٹنگ، مون سون کی تیاریوں اور دیگر جاری اقدامات پر بریفنگ دی، اس موقع پر سٹی صدر مسلم لیگ ن افضل منشا ، حاجی عظیم بٹ، سید داؤد بخاری بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے حوالے سے زیرو ٹالرننس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔