وراثتی تنازع ،انصاف کی اپیل کے چند گھنٹے بعد بیوہ کا انتقال

وراثتی تنازع ،انصاف کی اپیل کے چند گھنٹے بعد بیوہ کا انتقال

شوہر کے انتقال کے بعد سسرالیوں نے اربوں روپے کی اراضی فراڈ سے ہتھیالی سارہ کا ویڈیو پیغام اور موت کی خبر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث،تحقیقات کا مطالبہ

نوشہرہ ورکاں(تحصیل رپورٹر،نمائندہ دنیا )وراثتی تنازع پر انصاف کی اپیل کرنے والی بیوہ پریس کانفرنس کے چند گھنٹے بعد انتقال کرگئی، مرحومہ کا ویڈیو پیغام اور موت کی خبر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث ، شہریوں نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ۔بتایا گیا ہے کہ محلہ شمالی مسجد کے رہائشی شہزاد شاہ مرحوم کی بیوہ سارہ شہزاد نے ایک روز قبل اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کے دوران مرحوم شوہر کی قیمتی جائیداد اور وراثتی حقوق کے حصول کیلئے انصاف کی اپیل کی تھی خاتون کا کہناتھاکہ اسکے شوہر اور سارے خاندان کا فقہ اہلسنت حنفی بریلوی تھا لیکن شوہر کے انتقال کے بعد شوہر کے بااثر کزن راحیل شاہ نامی شخص نے سیاسی دباؤاور انتظامیہ کی ملی بھگت سے فقہ جعفریہ کے تحت انتقال وراثت کرواکر اسے کروڑوں روپے کے وراثتی حقوق سے محروم کردیا، سارہ شہزاد نے گفتگو کے دوران مرحوم شوہر کے فقہ حنفی بریلوی سے تعلق ہونے کے ثبوت بھی میڈیا کے سامنے پیش کئے اور وزیراعلیٰ مریم نواز ،کمشنر اور ڈی سی گوجرانوالہ سے معاملہ کی غیر جانبدارانہ تحقیق کروا کر انتقال وراثت منسوخ کرکے جائز قانونی حق فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن پریس کانفرنس کے چند گھنٹے بعد خاتون کی وفات کی خبر آگئی۔ واضح رہے کہ شہزاد شاہ مرحوم تحصیل کورٹس کے بالمقابل اربوں روپے کی 27ایکڑ قیمتی اراضی کا مالک تھا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں