نوشہرہ 250:کلو شاپنگ بیگز ضبط ‘ دکانداروں کی مزاحمت
حکومت خام مال درآمد کرنے ‘بیگ بنانیوالوں کیخلاف کارروائی کرے :دکاندار
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر)شاپنگ بیگز کے خلاف ای پی اے کی کارروائی، 250کلو گرام سے زائد پلاسٹک بیگز ضبط کرلئے ۔بتایا گیا ہے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے پلاسٹک شاپنگ بیگز کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں نوشہرہ ورکاں میں 2دکانوں سے 250کلوگرام سے زائد پلاسٹک شاپنگ بیگز قبضے میں لے لئے ،ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مرزا بابر بیگ کی دکان سے 150کلوگرام جبکہ شیخ مختار کی دکان سے 100کلوگرام کے قریب پلاسٹک بیگز ضبط کئے گئے ۔ عینی شاہدین کے مطابق کارروائی کے دوران کشیدگی پیدا ہو گئی اور مزاحمت کے دوران ایک دکاندار کے کپڑے پھٹ گئے متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ صرف شاپنگ بیگز فروخت کرکے مہنگائی کے اس دور میں اپنے اہلِ خانہ کا گزر بسر کر رہے ہیں جبکہ اصل ذمہ دار وہ عناصر ہیں جو بیرون ملک سے پلاسٹک دانہ درآمد کرکے بڑی فیکٹریوں میں شاپنگ بیگز تیار کرتے ہیں ان کا مؤقف تھا کہ اگر حکومت ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو کارروائی کا آغاز چھوٹے تاجروں کے بجائے پلاسٹک بیگز بنانے والی فیکٹریوں اور خام مال درآمد کرنے والوں سے کرے۔