ضلع میں 13ہزار سے زائد اشتہاری‘ 2063 عدالتی مفرور

ضلع میں 13ہزار سے زائد اشتہاری‘ 2063 عدالتی مفرور

پولیس 1395اشتہاری ‘ 1572عدالتی مفرور گرفتار کر سکی، شہریوں کو تشویش

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)ضلع میں اشتہاریو ں کی تعداد 13 ہزار سے زائد جبکہ عدالتی مفرور وں کی تعداد 2063 ہو گئی ،تمام کوششوں کے باوجود پولیس 1395اشتہاری جبکہ 1572عدالتی مفرور گرفتار کر سکی۔ تفصیل کے مطابق 31مئی 2026 کو ضلع میں عدالتی مفرور ملزموں کی تعداد3458 تھی جس میں سے ضلع بھر کی پولیس نے 1395 عدالتی مفرور ملزم گرفتار کئے جبکہ ضلع میں عدالتی مفرور ملزموں کی تعداد 2063 ہے ۔ پولیس کی جانب سے اعلیٰ حکام کو بھجوائے گئے اعداد و شمار کے مطابق ضلع بھر میں قتل سمیت دیگر سنگین اور معمولی نوعیت کے اشتہار یوں کی تعداد 13 ہزار 720 ہو چکی ہے ، یکم مئی2026 کو گوجرانوالہ ضلع میں اشتہاریوں کی تعداد 13329 تھی۔

ایک ماہ کے دوران 1963 اشتہاری ملزموں کے اضافہ سے تعداد 15 ہزار 292 تک جا پہنچی تاہم پولیس نے 1572اشتہاریوں کو گرفتار کیا ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق قتل ڈکیتی راہزنی چوری سمیت دیگر سنگین اور معمولی نوعیت کے مقدمات میں اشتہاریوں کی تعداد 13ہزار 720ہو چکی ہے ۔ پولیس حکام کے مطابق عدالتی مفرور وں اور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے ہر ممکن وسائل استعمال کر کے انہیں سلاخوں کے پیچھے بھجوایا جائے گا ۔ شہریوں اور وکلا نے ضلع بھر میں مفرور عدالتی ملزموں اور اشتہاریوں کی بڑی تعداد بارے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سی پی او اور آر پی او سے فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں