بد انتظامی پر ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال پسرور معطل

بد انتظامی پر ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال پسرور معطل

وزیر صحت ایڈمن بلاک میں 26ڈگری سے کم پر اے سی چلانے پر برہم سینٹری ورکرز اور سکیورٹی عملے کو 3روز کے اندر تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال پسرور اور چونڈہ کا دورہ کیا اور بد انتظامی اور لا پروا ئی پر ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال پسرور کے معطلی کے احکامات جاری کر دئیے ۔ ٹی ایچ کیو پسرور کے معائنہ کے دوران صوبائی وزیر نے ایڈمن بلاک میں 26 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم درجہ حرارت پر ائیر کنڈیشنرز چلانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس امر پر بھی ناراضی ظاہر کی کہ متعدد انتظامی کمروں میں افسر اور اہلکار موجود نہیں تھے لیکن ائیر کنڈیشنرز چل رہے تھے ۔

صوبائی وزیر نے ڈرگز سٹور روم میں ائیر کنڈیشنر کی عدم دستیابی پر بھی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر وہاں ائیر کنڈیشنر نصب کرنے کے احکامات جاری کیے تاکہ ادویات کو مناسب درجہ حرارت پر محفوظ رکھا جا سکے ۔دورے کے دوران دوسرے ہسپتال ریفر کئے جانے والے مریض کے لئے سرکاری ایمبولینس دستیاب نہ ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ ہسپتال میں مجموعی بدانتظامی کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راحت محمود کو معطل کرنے کی ہدایت کر دی ۔خواجہ عمران نذیر نے سینٹری ورکرز اور سکیورٹی عملے کو گزشتہ 3 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ کمپنیوں کو تین روز کے اندر تمام واجبات ادا کرنے کا حکم دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...