نوشہرہ ورکاں: ڈرون ویڈیو کیلئے ماڈل بازار 2 دن سے بند
بازار خالی کراکے بنائی ویڈیو اعلیٰ حکام کی جانب سے غیر معیاری قرار ،دوسرے دن شٹر ڈائون کرکے تیاری کی گئی تو تیز بارش سے عکسبندی موخر ، تاجروں کا اظہار تشویش
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر)ماڈل بازار کی ڈرون ویڈیو تاجروں کیلئے دردسر بن گئی،دوسرے روز بھی بازار مکمل بند،شٹر ڈاؤن کے ساتھ ٹریفک بھی بندرہی،پیدل گزرنے والے راہگیروں کوبھی اجازت نہ مل سکی ،شام کے وقت اچانک تیز بارش کے باعث ویڈیو ریکارڈنگ نہ ہو سکی ،تاجروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ بتایاگیا ہے کہ دو روز قبل شام 5بجے اچانک ماڈل بازار کی تمام دکانیں بند کروا دی گئیں تھانہ چوک سے حیدریہ چوک تک دونوں اطراف پیرا فورس اور ٹاؤن کمیٹی کے ملازمین تعینات کرکے ہر قسم کی ٹریفک بند کر دی گئی جبکہ بازار کو خالی کرا کے ڈرون کے ذریعے ویڈیو ریکارڈ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق یہ ویڈیو اعلیٰ حکام کو ارسال کی گئی تاہم اسے مطلوبہ معیار کے مطابق قرار نہ د ئیے جانے کے باعث دوبارہ ویڈیو بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس مقصد کیلئے دوسرے روز دوپہر 12بجے ہی پورا بازار دوبارہ بند کروا دیا گیا، ٹریفک کے ساتھ ساتھ پیدل راہگیروں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی جبکہ بازار کی دھلائی، صفائی اور دیگر انتظامات مکمل کئے گئے تاہم شام کے وقت تیز بارش شروع ہو گئی، جس کے باعث ڈرون ویڈیو بنانے کا منصوبہ ایک بار پھر مؤخر کرنا پڑامسلسل دوسرے روز بھی ویڈیو نہ بننے پر تاجروں میں بے چینی بڑھ گئی ۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ ماڈل بازار میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث وہ پہلے ہی کئی ماہ سے کاروباری نقصان برداشت کر رہے ہیں جبکہ بار بار کی بندش نے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے تاجروں نے مطالبہ کیا کہ انتظامی امور جلد مکمل کر کے بازار کو معمول کے مطابق کھلا رکھنے کو یقینی بنایا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں مزید متاثر نہ ہوں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments