کرپشن پر 3پو لیس اہلکار معطل ‘غیر حاضری پر 5 برطرف

کرپشن پر 3پو لیس اہلکار معطل ‘غیر حاضری پر 5 برطرف

تھانہ نوشہرہ ورکاں کے سب انسپکٹر نوید اختر اور نائب محرر منظور پر رشوت کے الزامات

نوشہرہ ورکاں‘گوجرانوالہ (تحصیل رپورٹر‘کرائم رپورٹر)محکمہ پولیس میں کرپشن، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ،سب انسپکٹر سمیت 3ملازمین کو معطل جبکہ مسلسل غیر حاضری پر5کانسٹیبلوں کو محکمہ سے برخاست کر دیا گیا ۔ حکام کے مطابق تھانہ نوشہرہ ورکاں کے سب انسپکٹر نوید اختر اور نائب محرر منظور کو رشوت لینے اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزامات پر معطل کر دیا گیا۔ اسی طرح تھانہ دھلے کے محرر اعتزاز کو رشوت لے کر اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کے مقدمے میں ملوث ملزموں کو چھوڑنے کے الزام میں معطل کر دیا گیا۔دوسری جانب ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر رہنے پر کانسٹیبل شاہ زیب، زریاب حیدر، محمد عزیر، امیر احتشام اور اسامہ ساجد کو محکمانہ کارروائی کے بعد ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے واضح کیا کہ محکمہ میں کرپشن، بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر ذمہ دارانہ رویے کی کوئی گنجائش نہیں ،عوام کے جان و مال کے تحفظ پر مامور اہلکار اگر اپنے اختیارات کا غلط استعمال کریں گے تو ان کیخلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...