تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کامونکے میں نکاسی آب کا نظام ناکام
باش کے بعد ایمرجنسی وارڈ کے سامنے ، اندرونی سڑکوں پر پانی بھر گیا
کامونکے (نمائندہ دنیا)حالیہ بارش کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کامونکے میں نکاسیٔ آب کا نظام ایک بار پھر ناکام ہو گیا، جس کے باعث ہسپتال کے احاطے میں کئی گھنٹوں تک پانی جمع رہا اور مریضوں سمیت تیمارداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شہریوں کے مطابق ایمرجنسی وارڈ کے سامنے ، اندرونی سڑکوں، انتظار گاہ اور ہسپتال کے گراؤنڈز میں بارش کا پانی کھڑا ہونے سے آمدورفت متاثر رہی اور علاج کے لیے آنے والے افراد کو دشواری پیش آئی۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ چند سال قبل ہسپتال کی اپ گریڈیشن پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے ، تاہم نکاسیٔ آب کے نظام کو مؤثر انداز میں بہتر نہیں بنایا گیا۔ ان کے مطابق ہر بار بارش کے بعد پانی جمع ہونا معمول بن چکا ہے اور اس کی نکاسی کے لیے مشینری اور پمپوں کا سہارا لینا پڑتا ہے ۔شہریوں کے مطابق ہسپتال کا سیوریج نظام اور گٹر مین سڑک کی سطح سے نیچے ہونے کے باعث بارش کا پانی قدرتی طور پر خارج نہیں ہو پاتا، جس کی وجہ سے پانی طویل وقت تک احاطے میں کھڑا رہتا ہے ۔اہلِ علاقہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسیٔ آب کے نظام کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنایا جائے تاکہ مریضوں، تیمارداروں اور ہسپتال آنے والے شہریوں کو ہر بارش کے بعد اس صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments