انسانی سمگلنگ‘ مالیاتی فراڈ، کرپشن پر 28افراد گرفتار
ملزموں نے شہریوں کو بیرون ملک روزگار کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورے
گوجرانوالہ ‘سیالکوٹ(نیوز رپورٹر، نمائندہ دنیا ) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ، مالیاتی سکینڈلز، کرپشن اور پاسپورٹ ایجنٹ مافیا کیخلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 5اشتہاریوں سمیت 28ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم سادہ لوح شہریوں کو اٹلی، سپین، یونان، قطر، ملائیشیا، کینیڈا، سعودی عرب اور امریکہ میں روزگار کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورتے رہے ۔ ایف آئی اے گجرات سرکل نے منظم انسانی سمگلنگ نیٹ ورک کے اشتہاری ملزم اکبر علی کو گرفتار کر لیا ، ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہریوں کو لیبیا کے راستے یورپ بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے وصول کیے ، اسی سفاکانہ عمل کے نتیجے میں 2اپریل 2026کو کشتی حادثے کا شکار ہوئی جس میں 3پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے ۔ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل کی جانب سے کی گئی دیگر کارروائیوں میں ایسے گروہ بھی پکڑے گئے جو شہریوں کو ترکی کے راستے یونان منتقل کرنے کا جھانسہ دیکر اغوا ، تشدد اور تاوان کی وصولی میں ملوث تھے ۔ بعض مقدمات میں شہریوں کو اٹلی کا کہہ کر لیبیا کی جیلوں میں دھکیل دیا گیا جبکہ کئی افراد کو جعلی امیگریشن و ویزا دستاویزات فراہم کر کے رقم ہڑپ کی گئی۔ گیپکو کے اہلکار کو شہری سے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔کاپی رائٹ قوانین کی خلاف ورزی پر 2ملزم حراست میں لیے گئے ۔پاسپورٹ آفس حافظ آباد کے باہر شہریوں سے غیر قانونی رقوم وصول کرنیوالے 6ایجنٹوں کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments