نوشہرہ ورکاں: کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار ڈائیلسز سنٹر غیر فعال ، مریضوں کو مشکلات

 نوشہرہ ورکاں: کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار ڈائیلسز سنٹر غیر فعال ، مریضوں کو مشکلات

تحصیل ہسپتال میں عمارت مکمل ،تمام ضروری آلات نصب،مطلوبہ عملے کی تعیناتی اور ادویات کیلئے فنڈز کی عدم دستیابی ، وزیر صحت دو مرتبہ افتتاح کیلئے وقت دینے کے باوجود نہیں آسکے

نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار ڈائیلسز سنٹر غیر فعال، گردوں کے مریض مشکلات کا شکار ہوگئے ۔ تحصیل ہسپتال میں ڈائیلسز سنٹر کی عمارت مکمل اور تمام ضروری آلات کی تنصیب ہو چکی تاہم مطلوبہ عملے کی تعیناتی اور ادویات کیلئے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث سنٹر فعال نہ سکا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر بھی دو مرتبہ افتتاح کیلئے وقت دینے کے باوجود نہیں آسکے ، افتتاح کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال حافظ آباد سے عارضی طور پر منگوایا گیا عملہ بھی واپس چلا گیا۔

ادویات کی فراہمی کیلئے درکار فنڈز بھی جاری نہیں ہوئے ، ڈائیلسز سنٹر غیر فعال ہونے کے باعث نوشہرہ ورکاں اور گردونواح کے گردوں کے مریضوں کو علاج کیلئے دوسرے شہروں کا رخ کرنا پڑ رہا ہے جس سے انہیں اضافی سفری اخراجات، وقت کے ضیاع اور دیگر مشکلات کا سامنا ہے ۔سابق وائس چیئرمین بلدیہ اقبال صدیق سدھو، سٹی امیر جماعت اسلامی میاں لیاقت ، صدر مرکزی انجمن تاجران امین منج، صدر پریس کلب راشد محمود نے وزیر اعلیٰ  سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈائیلسز سنٹر کو بلا تاخیر فعال کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...